نیب کے خلاف ایک منظم اور مربوط پروپیگنڈا مہم جاری ہے، جسٹس جاوید اقبال

81

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):قومی احتساب بیور وکے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ٹھوس دستاویزی شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں قانون کے مطابق ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کررکھے ہیں جن کی موثر پیروی کی وجہ سے نیب کے خلاف ایک منظم اور مربوط پروپیگنڈا مہم جاری ہے۔نیب کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نیب نے گزشتہ 4 سال میں 1194 ملزمان کو احتساب عدالتوں نے آئین،قانون اور نیب کی طرف سے جمع کروائے گئے ناقابل شواہدثبوتوں کی بنیاد پر سزائیں سنائی ہیں،وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ نیب پر تنقید سے نیب افسران کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ہیں،

نیب مزید موثر انداز سے قانون کے مطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنا کلیدی کردار جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ ریاست پاکستان سے ہے،نیب افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں۔نیب چئیرمین نے کہاکہ نیب نے گزشتہ چار سال میں بڑی مچھلیوں کو نہ صرف بلایا بلکہ ان سے ملک کی لوٹی گئی رقم کا بھی پوچھا،جن کو ماضی میں بلانا بھی محال تھا۔

چئیرمین نیب نے کہا کہ جو کرے گا وہ بھرے گا،نیب جب ان عناصر کو ملک کی لوٹی دولت کا حساب یا منی ٹریل دینے کا کہتا ہے تووہ منی ٹریل دینے کی بجائے کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائی ہورہی ہے مگر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔نیب نے میڈیا سے کہا کہ نیب سے متعلق کسی بھی خبر کو نشر یا چھاپنے سے پہلے قانون کے مطابق نیب کا موقف ترجمان نیب سے حاصل کریں۔