ڈنیڈن۔1اگست (اے پی پی): نیدرلینڈز کی ٹیم فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے ٹاپ 16 رائونڈ میں پہنچ گئی۔ نیدرلینڈز کی خواتین ٹیم نے اپنے گروپ ای کے تیسرے اور آخری میچ میں حریف ویتنام کی خواتین ٹیم کو باآسانی 0-7 گول سے شکست دے دی ۔
ایسمی ورجینیا بروگٹس اور جل جیمی رورڈ نے دو، دو جبکہ لائیک الزبتھ پیٹرونیلا مارٹینز، کٹجا سنوئیز اور ڈینیئل وین ڈی ڈونک نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فیفا کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی فٹبال ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری ہیں ۔
فیفا ویمنز فٹ بال ورلڈ کپ 2023 کا نواں ایڈیشن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جارہا ہے۔ منگل کو گروپ ای کے فارسیتھ بارسٹیڈیم، ڈنیڈن کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز اور ویتنام کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں نیدرلینڈز کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی ویتنام کی ٹیم پر حاوی ہوگئی اور یکے بعد دیگرے گول کرتی رہی ، میچ کے پہلے ہاف نیدرلینڈز کی ٹیم کو ویتنام پر 0-5 گول کی برتری حاصل تھی ۔
دوسرے ہاف میں نیدرلینڈز نے مزید دو گول کر کے مقابلہ 0-7 کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ ویتنام کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی بلکہ اپنے تینوں گروپ میچز ہار گئی ۔ نیدرلینڈز کی ٹیم اس فتح کے ساتھ ہی میگا ایونٹ کے ٹاپ 16 رائونڈ میں بھی داخل ہوگئی۔ میگا ایونٹ کا ٹاپ 16 رائونڈ 5 اگست سے شروع ہوگا۔