نیلم۔ 08 دسمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر آبپاشی وسمال ڈیمز گل نواز میر کی نگرانی میں نیسپاک کنسلٹنٹ اور محکمانہ ٹیکنیکل ٹیم نے نیلم میں آبپاشی کے مکمل ہونے والے منصوبوں کی سائٹ کا دورہ کیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر آبپاشی وسمال ڈیمز نے فیلڈ انچارج انجینئر سجاد اور فیلڈ انجینئر ناصر عباس کے ہمراہ نیلم کے چلہانہ، جبی، کلاں، لیسوا بیکڑی، اسلام پورہ، تہجیاں اور شیخ بیلہ کے مکمل شدہ منصوبوں کامعائنہ کیا۔ محکمہ آبپاشی کے زیراہتمام تعمیر ہونیوالے واٹر چینلز کے معیار کی چیکنگ اور ان کی پیمائش کی گئی۔ کنسلٹنٹ نیسپاک فیلڈ انچارج انجینئر سجاد نےضلع نیلم کے مختلف دیہاتوں میں مکمل ہونیوالے منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی نیلم کی ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر آبپاشی وسمال ڈیمز گل نواز میر نے کہاکہ محکمہ آبپاشی نیلم میں سالانہ مقررکردہ اہداف کو محکمانہ تصریحات کے مطابق مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ محکمہ آبپاشی وسمال ڈیمز کے زیر اہتمام نیلم میں کثیر تعداد میں واٹر چینل اور ڈیمز کی تعمیر سے زرعی اراضی کو سیراب کرکے معاشی صورتحال میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر آبپاشی وسمال ڈیمز اور ٹیکنیکل ٹیم نے شیخ بیلہ واٹر چینل کی بروقت معیاری تعمیر پر پراجیکٹ لیڈر کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انجینئر زید نواز، رضوان ظفر اور غضنفر شیخ ہمراہ ان کے ہمراہ رہے۔