کوالالمپور ۔20جون (اے پی پی):نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان نے فرانس کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔
ملائیشیا میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے پہلے سیمی فائنل میں مقررہ وقت میں پاکستان اور فرانس کا مقابلہ 3-3 سے برابر رہا۔جس کے بعد فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر کیا گیا۔
پاکستان کے افراز، سفیان خان اور رانا وحید نے ایک، ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا۔فرانس کو دوسرے کوارٹر تک 2-0 کی برتری حاصل تھی،پاکستان نے دو صفر کے خسارے سے شاندار کم بیک کیا اور تیسرے کوارٹر میں 3 گول کیے۔۔
فرانس کی جانب سے آخری کوارٹر میں گول کرکے مقابلہ برابر کیا گیا تھا۔پاکستان نے گروپ مرحلے میں جاپان کو شکست دی تھی، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹیم 4-3 سے ناکام رہی، ملائیشیا کے خلاف پہلا میچ تین، تین سے برابر کیا تھا اور بہتر گول اوسط پر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔