نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن اسلام آباد میں فائر سیفٹی کے حوالے تربیتی سیشن

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن (این آئی آر ایم) اسلام آباد میں آگ سے بچاؤ اور فائر سیفٹی کے حوالے سے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس فیصل نیاز نے کہا کہ آگ سے بچاؤ کی بنیادی تربیت ہر فرد کے لئے ضروری ہے اور آگ لگنے کی صورت میں بروقت اور درست اقدامات جانی …

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن (این آئی آر ایم) اسلام آباد میں آگ سے بچاؤ اور فائر سیفٹی کے حوالے سے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس فیصل نیاز نے کہا کہ آگ سے بچاؤ کی بنیادی تربیت ہر فرد کے لئے ضروری ہے اور آگ لگنے کی صورت میں بروقت اور درست اقدامات جانی و مالی نقصان کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے ملازمین کو آگ لگنے کی وجوہات، احتیاطی تدابیر، آگ بجھانے کے آلات کے درست استعمال اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے مختلف اقسام کے فائر ایکسٹنگوشرز کے استعمال کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔تربیتی سیشن کے دوران بتایا گیا کہ این آئی آر ایم میں 40 سے زائد ایمپلا ئز نے فائر سیفٹی تربیت میں شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے آگ لگنے کی صورت میں محفوظ انخلا، ابتدائی ردعمل اور فائر فائٹنگ آلات کے مؤثر استعمال سے متعلق عملی تربیت حاصل کی۔فیصل نیاز نے کہا کہ آگ سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور عملے کو باقاعدگی سے تربیت دینا اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تربیت سے ملازمین میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے اور قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے این آئی آر ایم انتظامیہ اور ملازمین کی جانب سے فائر سیفٹی کو اہمیت دینے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سول ڈیفنس کے تربیتی پروگراموں کا مقصد عوام اور اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے تیار کرنا ہے۔ سرکاری سول ڈیفنس کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فائر ٹیکنالوجی فائر پریوینشن اور فائر فائٹنگ سے متعلق مختلف تربیتی کورسز بھی کراتا ہے۔

مزید خبریں