نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے اسٹوڈنٹس کواسکالرز شپ دیں گے، شفقت محمود

کراچی۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بدھ کے روز نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا)کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ناپا کے صدر اور سی ای او ضیاء محی الدین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز سے ملاقات کی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ناپا کے اسٹوڈنٹس کواسکالرز شپ دیں گے، جو اسٹوڈنٹس اکیڈمی کی فیس ادا نہیں کرسکتے انہیں فری اسکالرشپ ملنی چاہئیے۔وفاقی حکومت اسکالرشپ کے لئے ناپا کو فنڈز دے گی جس کے لئے ادارہ طریقے کار وضع کرے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دس سے پندرہ اسکالرشپ دیں گے، ناپا حکومت کے اسکلڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت بھی کلاسز کا آغاز کرے جس میں چھ ماہ کے مختصر کورسز ہوت ہیں، اس سلسلے میں بھی وفاقی تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ موسیقی کے شعبے میں سرنگی اور ستار کے ماسٹرز پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں اسکلڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 50 ہزار نوجوانوں کی مدد کررہی ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ ناپا کو کنسلٹنسی سروس بھی شروع کرنی چاہئیے،وفاقی حکومت ناپا سے ہ ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ملاقات میں سیکریٹری نیشنل ہریٹیج اینڈ کلچر نوشین جاوید امجد، ناپا کے صدر اور سی ای او ضیاء محی الدین، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین طارق کرمانی، ڈائریکٹر پروگرامز اینڈ ایڈمنسٹریشن ارشد محمود اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔