نیشنل ایمرجنسیز اینڈ آپریشن سینٹر پیشگی انتباہی نظام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کے ساتھ معلومات حاصل کرے گا ، چیئرمین این ڈی ایم اے

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ نیشنل ایمرجنسیز اینڈ آپریشن سینٹر پیشگی انتباہی نظام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کے ساتھ معلومات حاصل کرے گا جو ہنگامی صورتحال سے پیشگی آگاہی اور آفات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کے فعال انتظام کے لیے مدد گار ثابت ہو گا۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتربرائے انسانی امور پاکستان کے سربراہ کارلوس گیہا سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے تشکیل شدہ قومی تیاری اور رسپانس سسٹم پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں موسمیاتی آفات/ہنگامی حالات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے قومی سطح پر فرضی مشقوں کے ذریعے قومی تیاری کے نظام کو مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل تیار کردہ نیشنل ایمرجنسیز اینڈ آپریشن سینٹر پیشگی انتباہی نظام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کے ساتھ معلومات حاصل کرے گا جو ہنگامی صورتحال سے پیشگی آگاہی اور آفات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کے فعال انتظام کے لیے مدد گار ثابت ہو گا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قومی ادارے (این آئی ڈی ایم) کے کردار کا خاکہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں کثیر جہتی تحقیق کی سہولت مہیا کرنے کے ساتھ ،ہنگامی منصوبوں کے لیے تحقیق پر مبنی ماڈیولز کی تیاری اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے فرضی مشقوں کی انعقادمیں کردار ادا کرے گا۔

یو این اوچا کے سربراہ نے این ڈی ایم اے کی جانب سے پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم کوجدید خطوط پر استوار کرنے اور از سر نو تشکیل کے منصوبے کو سراہتے ہوئے تمام اقدامات کو پورا کرنے کے لیے اپنے ادارے کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ملاقات میں مشترکہ منصوبوں کی تکمیل اور اسٹاف کی سطح کی میٹنگز کو ماہانہ بنیادوں پر ترتیب دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ آفات کے خطرے سے دوچار علاقوں میں پیشگی تیاری، موئثر اور بروقت رسپانس کے طریقہ کار کویقینی بنایا جا سکے۔