اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اسلام آباد ماڈل کالج گرلز ایف الیون تھری میں کہانی سنانے کی تقریب منعقد کی گئی ۔ کہانی سنانے کی تقریب کا سلسلہ وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ہدایت پر نیشنل بک فاؤنڈیشن کی طرف سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔ ان تقریبات کا مقصد بچوں کو کہانی سنانے کی روایت پر عمل کرتے ہوئے بچوں کی رہنمائی کرنے ، بچوں میں کتاب پڑھنے اور کہانی سننے کے رجحان کو آگے بڑھانا ہے۔
تقریب میں مشہور شخصیات کو کہانیاں سنانے کے لئے مدعو کیا جاتا ہے جو اس تقریب میں پاکستان کی مشہور اداکارہ اور اعلیٰ ادبی ذوق کی مالک شخصیت لیلیٰ زبیری نے بچوں کو کہانی سنائی۔ انہوں نے اپنے مخصوص اور دلچسپ انداز سے بچوں کو نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی شائع کردہ کتابوں سے کہانیاں سنائیں ۔ ان میں ”رنگ برنگے دانت“، ”چُٹکی“ اور ”بادام سے کشمش تک“ سے کہانیاں سنائیں جو انتہائی دلچسپ معلوماتی اور سبق آموز تھیں۔ بچوں نے ان کہانیوں کو بہت دلچسپی سے سنا اور محظوظ ہوئے۔ بعد ازاں سوالات و جوابات کا سلسلہ بھی جاری رہا جس پر بچوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے دلچسپ سوالات پوچھے اور لیلیٰ زبیری کی طرف سے جوابات دیئے گئے۔
کالج کی پرنسپل اور معروف ٹی وی اینکر فرح حامد نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ایسے اقدام کو قابلِ تحسین و قابلِ قدرقرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح بچوں کی تعلیم کو بذریعہ کہانی بہتر بنایا جا سکے گا اور وہ سیکھنے کے عمل میں دلچسپی لیں گے۔ نیشنل بُک فاؤندیشن نے بچوں کے ادب پر کام کرنے کا سلسلہ ایک عزم کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے ۔