نیشنل بینک میں شہریوں کی طرف سے حکومت کی زیادہ تر ادائیگیاں جلد ہی بغیر کسی اضافی چارجز کے آن لائن کی جا سکیں گی،سلمان صوفی

56

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کی جانب سے حکومت کی ادائیگیوں کا نظام آسان اور موثر بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیراعظم اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی نے کہا ہے کہ نیشنل بینک آف پاکستان میں شہریوں کی طرف سے حکومت کی زیادہ تر ادائیگیاں جلد ہی بغیر کسی اضافی چارجز کے آن لائن کی جا سکیں گی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کی جانب سے حکومت کی ادائیگیوں کا نظام آسان اور موثر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے تا کہ شہری گھر بیٹھے یہ ادائیگیاں آن لائن سسٹم کے ذریعے آسانی کے ساتھ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے شہریوں کی طرف سے حکومت کی زیادہ تر ادائیگیاں جلد ہی بغیر کسی اضافی چارجز کے آن لائن ادا کی جا سکیں گی، اس کا آغاز عید الاضحی کے فوری بعد کر دیا جائے گا اور کوشش یہ کی جائے گی کہ اگلے چھ ماہ کے اندر نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے تمام تر حکومتی ادائیگیاں آن لائن طریقہ کار سے ہو سکیں، اس سسلے میں صدر نیشنل بینک آف پاکستان کو ضروری ہدایت دے دی گئی ہیں۔

سلمان صوفی نے مزید کہا کہ کیش لیس معیشت کے لیے مضبوط آن لائن ادائیگی کے نظام کی ضرورت ہوتی ہے جس میں شہری پر کم سے کم یا کوئی چارج نہیں ہوتا، موجودہ حکومت کا یہ اقدام کیش لیس معیشت کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔