نیشنل رجسٹریشن امتحان سٹیپ-I کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):نیشنل رجسٹریشن امتحان (این آر ای ) سٹیپ-I کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ امتحان 14 دسمبر 2025 کو نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) راولپنڈی کے زیرِ انتظام منعقد کیا گیا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی ) کی پالیسی کے مطابق اس اہم امتحان کے تمام بنیادی مراحل جن میں پرچہ سازی، نتائج کی تیاری اور حتمی …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):نیشنل رجسٹریشن امتحان (این آر ای ) سٹیپ-I کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ امتحان 14 دسمبر 2025 کو نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) راولپنڈی کے زیرِ انتظام منعقد کیا گیا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی ) کی پالیسی کے مطابق اس اہم امتحان کے تمام بنیادی مراحل جن میں پرچہ سازی، نتائج کی تیاری اور حتمی اعلان شامل ہیں، نمز کو سونپے گئے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 7,076 امیدواروں (6,993 میڈیکل اور 83 ڈینٹل) نے رجسٹریشن کرائی جن میں سے 7,012 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ ان میں سے 1,473 امیدوار کامیاب قرار پائے جن میں میڈیکل کے 1,467 اور ڈینٹل کے 6 تھے۔ میڈیکل امیدواروں کی کامیابی کی شرح 21.17 فیصد جبکہ ڈینٹل امیدواروں کی کامیابی کی شرح 7.23 فیصد رہی۔ 64 امیدوار امتحان میں غیر حاضر رہے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی قانون کے مطابق غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس (FMGs) کے لئے سال میں دو نیشنل رجسٹریشن امتحانات منعقد کرنا لازم ہے۔

اس سے قبل 25 جون 2025 کو منعقد ہونے والے این آر ای میں مجموعی طور پر 5,035 امیدواروں (4,994 میڈیکل اور 41 ڈینٹل) نے رجسٹریشن کرائی۔ ان میں سے 4,994 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ 1,252 امیدوار امتحان میں کامیاب ہوئے جن میں میڈیکل کے 1,252 اور ڈینٹل کا کوئی نہیں۔ مجموعی میڈیکل کامیابی کی شرح 25.26 فیصد رہی جبکہ 41 امیدوار غیر حاضر تھے۔نتائج پی ایم اینڈ ڈی سی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔ ہر امیدوار اپنے مخصوص رول نمبر کے ذریعے اپنا نتیجہ چیک کر سکتاہے۔

این آر ای سٹیپ-II (کلینیکل امتحان) کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ وہ تمام امیدوار جو دونوں مراحل میں کامیاب ہوں گے انہیں ملک کے اندر یا بیرونِ ملک ہاؤس جاب کرنے کے لئے پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے عارضی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کئے جائیں گے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق مذکورہ نتائج اس کی معیاری پالیسی اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق میرٹ کی بنیاد پر مرتب کئے گئے ہیں۔

مزید برآں پی ایم اینڈ ڈی سی نے والدین اور طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ بیرونِ ملک داخلہ صرف معیاری اور تسلیم شدہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں حاصل کریں، خصوصاً صحت جیسے معزز پیشے میں، جو براہِ راست انسانی جانوں سے وابستہ ہے۔ والدین کو چاہئے کہ وہ اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ غیر تسلیم شدہ یا کم معیار اداروں کا انتخاب نہ صرف ان کے بچوں کے پیشہ ورانہ مستقبل کو خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ محنت سے کمائی گئی مالی وسائل کے ضیاع اور قیمتی وقت و برسوں کی محنت کے ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بھی بنتا ہے۔