نیشنل ریسکیو چیلنج ریسکیو 1122 گوجرانوالہ نے جیت لیا،ریسکیوفیصل آباد کی دوسری ،کے پی کے کی تیسری پوزیشن

لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرخواجہ عمران نذیر نے نیشنل ریسکیو چیلنج کی چیمپین ٹیم ریسکیو 1122 گوجرانوالہ ڈویژن اور مختلف انفرادی چیلنجز جیتنے والی ٹیموں کو کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ریسکیو چیلنج پاکستان بھر کی ایمرجنسی سروسز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ وہ نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب سے ریسکیو ہیڈکوارٹر لاہور میں …

لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرخواجہ عمران نذیر نے نیشنل ریسکیو چیلنج کی چیمپین ٹیم ریسکیو 1122 گوجرانوالہ ڈویژن اور مختلف انفرادی چیلنجز جیتنے والی ٹیموں کو کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ریسکیو چیلنج پاکستان بھر کی ایمرجنسی سروسز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ وہ نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب سے ریسکیو ہیڈکوارٹر لاہور میں خطاب کررہے تھے۔ ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 فیصل آباد نے دوسری پوزیشن اور تیسری خیبر پختون خواہ ریسکیو نے حاصل کی جبکہ انفرادی مقابلوں میں ٹرام چیلنج ریسکیو لاہور، فائر فٹ چیلنج ریسکیو گوجرانوالہ، سوئمنگ چیلنج گلگت بلتستان، ڈیپ ویل ریسکیو ڈی جی خان، ہائیٹ ریسکیو فیصل آباد نے جیتا۔اسی طرح واٹر ریسکیو اور سکوبا چیلنج میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد نے مشترکہ طور پر کامیابی حاصل کی۔

صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئیر نے نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریسکیو 1122 اور اس کے بانی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رضوان نے پاکستان میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھی،ڈاکٹر رضوان نصیر کی انتھک محنت، وژن اورمحنتی قیادت کے باعث ریسکیو 1122 آج ایک جدید، منظم اور عوام دوست ادارہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح پاک آرمی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے بالکل اسی طرح ریسکیو شہریوں کی محافظ ہے،ریسکیو ابتک ایک کروڑ 87 لاکھ سے زائد شہریوں کو ایمرجنسی سروسز فراہم کر چکا ہے،حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر لاکھوں متاثرہ افراداور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، فلڈ ریسکیو آپریشنز، فائر فائٹنگ، ایمبولینس اور موٹر بائیک سروس کے ذریعے ریسکیو اہلکاروں نے قیمتی جانیں بچا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نظم و ضبط کے ذریعے بروقت ریسپانس کرتے ہوئے 750 ارب روپے سے زائد کے ممکنہ نقصانات سے ملک کو محفوظ رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسزضیاء اللہ شاہ نے کہا کہ آج کا دن ان تمام ریسکیورز کے نام ہے جنہوں نے اپنی صلاحیت، ہمت اور عزم سے نیشنل ریسکیو چیلنج کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام صوبوں، اداروں اور یونیورسٹیوں سے آنے والی ٹیموں نے اپنی شرکت سے یہ ثابت کر دیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ہم ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا وزیرِ اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت ایمرجنسی سروسز کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے، ایئر ایمبولینس، موٹروے ایمبولینس سروس اور تحصیل سطح تک فائر ریسکیو کی توسیع اس عزم کی مثال ہے۔

نیشنل ریسکیو چیلنج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز کے آغاز سے UN-INSARAG سرٹیفیکیشن حاصل کرنے اور ترکیہ کے زلزلے میں انٹرنیشنل ریسپانس تک کے کامیاب سفرکی تفصیلات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اپنے قیام سے لے کر اب تک پاکستان کے تمام صوبوں میں 26000 سے زائد ریسکیو اہلکاروں کو تربیت فراہم کر چکی ہے۔انہوں نے نیشنل ریسکیو چیلنج میں حصہ لینے والی ریسکیو ٹیموں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو چیلنج ،ریسکیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزیداضافے اور صحت مندانہ مقابلے کے ذریعے ہنگامی حالات اور آفات میں درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہو نے کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتا ہے جس سے ملک کے تمام صوبوں کی ایمرجنسی سروسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ ہوگااور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتر ہو گی۔

نیشنل ریسکیو چیلنج میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، سی ڈی اے اسلام آباد، یونیورسٹی آف لاہور اور ریسکیو پنجاب کی 9ڈویژنل ٹیموں سمیت 15ٹیموں نے حصہ لیا۔ نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ٹھوکر لاہور میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر،خواجہ عمران نذیر، پارلیمانی سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز، ضیاء اللہ شاہ ، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، 15شرکا ء ٹیموں سمیت اکیڈمی و ریسکیو ہیڈ کوار ٹرز کے افسران،ریسکیورز، زیرتربیت پاکستان بھر کے ریسکیو کیڈٹس، پاکستان بھر کے ایمرجنسی سروسز کے نمائندگان اور کثیر تعداد میں سول سوسائٹی سے لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پرمہمان خصوصی نے چیمپن ٹیم اور بہتر کارکردگی کی حامل ٹیموں اور ریسکیورز کو انعامات سے نوازا۔