اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر(این ایف آر سی سی) کااجلاس جمعرات کو ڈپٹی چیئرمین و وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی میجر جنرل محمد ظفر اقبال کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
فورم کو وزیر مواصلات و ریلوے کی طرف سے انفراسٹرکچر اور ریلوے کی بحالی کے منصوبے بارے بتایا گیا ۔حکام نے فورم کو موسم اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے عبوری نقصان کے تخمینہ سے بھی آگاہ کیا۔
فورم کو سی ای او ڈریپ نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جمع شدہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں پرقابو پانے اور پانی صاف کرنے کے طریقہ کار بارے بتایا۔ وفاقی وزیراحسن اقبال نے تمام وفاقی اکائیوں کی سول انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے بحالی پر توجہ مرکوز کریں تاکہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی معمول کی زندگی یقینی بنائی جاسکتے۔