نیشنل فلڈ ڈیش بورڈ کے اجراءکا مقصد شہریوں کو سیلاب سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہے۔ احسن اقبال

186
نیشنل فلڈ ڈیش بورڈ کے اجراءکا مقصد شہریوں کو سیلاب سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہے۔ احسن اقبال

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو تاریخ کی سب سے بڑی آفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو سیلاب کی آفت کا سامنا ہے، نیشنل فلڈ ڈیش بورڈ کے اجراءکا مقصد شہریوں کو سیلاب سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیشنل فلڈ ڈیش بورڈ کے اجراء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک اور ملک سے آنے والی امداد کی تفصیل اس پورٹل پر موجود ہو ں گی ، پاکستان کے شہریوں کے لئے یہ پورٹل انتہائی مفید ثابت ہوگا، سیلاب کی آفت کے ابتدائی تخمینے موجود ہیں،

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پانی اترنے تک نقصان کا حتمی جائزہ ممکن نہیں، پورٹل سے شہریوں کو امدادی کارروائیوں سے متعلق بھی رہنمائی حاصل ہو گی، اس قدر تباہی دنیا کے کسی ترقی یافتہ ملک میں بھی ہوتی تو تنہا نمٹنا ممکن نہ ہوتا،وفاق، صوبائی حکومتیں پاک فوج کے ہمراہ ریلیف کے کاموں میں بھر پور حصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ایک تہائی پاکستان سیلاب کی تباہی سے متاثر ہوا ہے،

اگر دو تہائی آبادی سیلاب زدگان کیلئے اپنے وسائل میں حصہ رکھے تو اس مشکل سے نکلا جا سکتا ہے،قوم کو چاہئے کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرے، بیرون ملک سے آنیوالی امدادی رقم کا دنیا کی بہترین آڈٹ فرمز سے آڈٹ کرایا جائے گا۔