نیشنل ٹی 20 چمپئن شپ میں ایبٹ آباد کی شاندار کامیابی، تاج محمد خان ترند کی ٹیم کو مبارکباد

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے نیشنل ٹی 20 چمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر ایبٹ آباد کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے نیشنل ٹی 20 چمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر ایبٹ آباد کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔محکمہ کھیل خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اپنے تہنیتی پیغام میں مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے کہا کہ ایبٹ آباد ٹیم کی یہ کامیابی خیبر پختونخوا میں کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر نواب کی انتھک محنت، بہترین حکمت عملی اور مسلسل جدوجہد کی بدولت ایبٹ آباد نے نیشنل ٹی 20 چمپئن شپ اپنے نام کی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے میدان آباد کرنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبہ کے باصلاحیت کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے نکھارنے کے لیے کھیلوں کے شعبے میں مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔تاج محمد خان ترند نے کہا کہ ایبٹ آباد ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے نہ صرف اپنے شہر بلکہ پورے خیبر پختونخوا کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی اور صوبے میں کرکٹ کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔مشیر کھیل نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کاوشوں سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔