اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے موجودہ بارشوں کی صورتحال پر نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سنٹر کے اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس کی صدارت قائم مقام چئیرمین این ڈی ایم اے نے کی۔اجلاس میں محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم ایز اور دیگر محکموں کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں منگلا اور تربیلا ڈیمز اتھارٹیز نے آبی ذخائر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم اپنی فل کپیسٹی کا تقریباً 80 فیصد تک بھر چکاہے۔ منگلا ڈیم اپنی فل کپیسٹی کا تقریباً 76 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ دونوں ڈیمز کے زیرِ اثر نشیبی علاقوں میں فل الحال سیلاب کا خطرہ نہیں۔ 27 تا30 دریائے سندھ اور کابل کے ملحقہ علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے جس کی وجہ سے دریائے کابل اور ملحقہ ندیوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب متعلقہ اداروں آبی ذخائر اور دریاؤں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملحقہ علاقوں میں بارشوں کی صورت میں نشیبی علاقوں کے مکینوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اجلاس میں مون سون کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کیلئے عوامی آگاہی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ۔مزید برآں پاکستان انڈس واٹر کمیشن کو دریاؤں اور بھارتی ڈیمز میں پانی کے اخراج کی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔