اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):نیشنل سیکیورٹی کورس 2022 کی گریجویشن تقریب جمعہ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی(این ڈی یو )، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء، سینیٹرز، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران بھی موجود تھے۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق گریجویشن کی تقریب، ‘نیشنل سیکیورٹی کورس’ کے اختتام پر منعقد کی گئی جس کا آغاز 16 اگست 2021 کو ہوا تھا اور اس میں پاکستان کی سول سروسز کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
اس کورس کا بنیادی مقصد کورس کے اراکین کو جامع قومی سلامتی’ کی تعمیر میں قومی طاقت کے تمام عناصر کے باہمی عمل کو سمجھنے کے قابل بنانا تھا۔ مہمان خصوصی نے گریجویٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی سے متعلق پیچیدہ اور پیشہ ورانہ معاملات سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ مہارتوں سے لیس ہونے کے بعد انہیں وہ سب کچھ کرنا چاہیے جو قوم کو درپیش خطرات اور چیلنجوں کے خلاف قومی ردعمل کو تصور کرنے کے لیے درکار ہو۔
انہوں نے قومی سلامتی کے تصورات پر شرکاء کی مہارتوں کو نکھارنے اور قومی پالیسی سازوں کو پاکستان کی قومی سلامتی سے متعلق مسائل کی بہتر تفہیم حاصل کرنے کے قابل بنانے کے حوالے سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا۔