نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر واک کا اہتمام، خوشحال پاکستان کی تعمیر میں خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا

149
World Literacy Day
World Literacy Day

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) نے خواندگی کے عالمی دن کے موقع پرپیر کو واک کا اہتمام کیا ۔اس واک کا مقصد ایک خوشحال پاکستان کی تعمیر میں خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا ۔اس سال خواندگی کے عالمی دن کا موضوع کثیر اللسان تعلیم کو فروغ دینا ہے۔واک میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جن میں ماہرین تعلیم ،طلباء سرکاری ملازمین ، رضا کاراور سول سوسائٹی کے ارکان شامل تھے، واک شہید ملت سیکرٹریٹ سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔

واک کے شرکاء نے عنوان کی مناسبت سے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔سینئر جوائنٹ سیکر ٹری تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت سہیل اختر ملک نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے خواندگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ترقی کرنی ہے تو تعلیم پر توجہ دینی ہو گی تاکہ کارآمد شہری بن سکیں جو ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 70ملین ناخواندہ افراد ہیں، اس وقت شرح خواندگی 60.5فیصد ہے جو ملک کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کا ہمیں سامنا کر نا ہے، پاکستان کے ترقیاتی اہداف اور عالمی وعدوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ ایک فکر انگیز صورت حال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے قومی تعلیمی ایمرجنسی کے حکم کی روشنی میں این سی ایچ ڈی نے2کروڑ 62لاکھ سکول سے باہر بچوں کو سکول میں داخل کروانے کا ایک قابل رشک ہدف مکمل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، اس کے ساتھ ساتھ 7کروڑ بالغ ناخواندہ کو علم کی روشنی سے روشناس کرانے کا ہدف بھی ہے ۔ اس سلسلے کی ایک کڑی وزیر اعظم پاکستان کے پروگرام روشن پاکستان کے تحت این سی ایچ ڈی نے ایک انقلابی تحریک "ایک کو پڑھائے ایک” (ای او ٹی او) کے عنوان سے شروع کی ہے ۔ اس تحریک کا مقصد قومی سطح پر خواندگی کو اجاگر کرنا ہے ۔ جس کے تحت ہماری نوجوان نسل خاص طور پر کالج اور یونیورسٹی کے طلباء کو بالغ ان پڑھ افراد کو پڑھانے کا ہدف دیا گیا ہے ۔اس وقت "ای او ٹی او” کا یہ پروگرام اسلام آباد کے 184سکولوں اور کالجوں میں جماعت نہم اور اس سے اوپر کے طلباء کو شامل کر کے چلایا جا رہا ہے ۔

اس پروگرام کو جلد ہی آزاد جموںو کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے گا۔ اسلام آباد میں مختلف سرکاری ونجی یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں تاکہ "ای او ٹی او” اقدامات کو یونیورسٹی کی سطح تک لایا جا سکے اور اس تناظر میں بالترتیب ”ایک دو کو پڑھائے اور ایک تین کو پڑھائے ” شروع کیا جائے گا تاکہ کم سے کم وقت میں عالمگیر خواندگی کی شرح حاصل کی جاسکے ۔تقریب سے یونیسکو اور جائیکا کے نمائندگان اور دیگر سماجی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے موقع کی مناسبت سے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیااور این سی ایچ ڈی اور وفاقی وزارت تعلیم کی کاوشوں کو سراہا۔