نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کا روڈ سیفٹی سیمینار

171

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نارتھ زون کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل محمد یوسف ملک کی ہدایات پر حادثات کی روک تھام کے لیے روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان موٹر وے نارتھ زون کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ڈی آئی جی موٹروے نارتھ زون محمد یوسف ملک کی خصوصی ہدایت پر چکری میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا بنیادی مقصد ٹریفک کے شعور کو اجاگر کرنا ہے۔

سیمینار میں خصوصی طور پر سواری والی گاڑیوں اور مال بردار گاڑیوں سے متعلقہ مالکان ، ٹرمینل حکام ، ڈرائیور حضرات ، جنرل پبلک اور موٹروے پولیس افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا۔ موٹروے پولیس افسران نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے ٹریفک قوانین کے بارے میں معلومات مفصل انداز میں پیش کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر ایم ٹو نارتھ دانش کلیارنے کہا کہ موٹر وے پولیس عالمی معیار کے مطابق روڈ سیفٹی آگاہی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کر کے حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ اس کے علاوہ آج کی یہ نشست موٹر وے پولیس اور ٹرانسپورٹر حکام کہ باہمی تعاون اور مسائل حل کرنے میں سود مند ثابت ہوگی۔

تقریب کے دوران شرکاء سے ٹریفک قوانین سے متعلقہ سوالات بھی پوچھے گئے اور صحیح جواب دینے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ ٹرانسپورٹر حکام نے ٹریفک سے متعلقہ اپنے خیالات اور اہم نکات پر روشنی بھی ڈالی۔ تقریب کے آخر میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ روڈ سیفٹی کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹر نے بھی اپنا تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔