نیشنل یوتھ کونسل میرٹ پر تشکیل دی گئی ہے، نوجوانوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھاکررہےہیں، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار

75
نیشنل یوتھ کونسل میرٹ پر تشکیل دی گئی ہے، نوجوانوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھاکررہےہیں، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نیشنل یوتھ کونسل میرٹ پر تشکیل دی گئی ہے، نوجوانوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھاکررہےہیں، اس سے ان کے مستقبل سے متعلق منصوبہ سازی میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو نیشنل یوتھ کونسل کے اراکین کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ مختلف شعبوں سے وابستہ نوجوانوں کو شاندار کارکردگی کی بنیاد پر نیشنل یوتھ کونسل کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کے منتخب نوجوان قومی اور عالمی سطح پر مختلف شعبوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ ان نوجوانوں کی مہارتوں کو دیکھتے ہوئے ان کے ورکنگ گروپس تشکیل دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کے اراکین اب انفرادی حیثیت نہیں رکھتے بلکہ ان تمام نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور وہ نوجوانوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو پاور کوریڈور تک مکمل رسائی دی جائے ۔ ان کو متعلقہ شعبہ میں نمائندگی دی جائے تاکہ نوجوان اپنے مسائل کے حوالےسے بات کر سکیں۔

نوجوانوں کو بلاتفریق مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لئےہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان کامیاب پاکستان ہے ۔

امید ہے جس مقصد کے لئے یہ کونسل تشکیل دی گئی ہے وہ پورا ہو گا۔ تقریب سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسدعمر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران نیشنل یوتھ کونسل کے نومنتخب اراکین سے حلف بھی لیاگیا۔