اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)نے یوم تشکر انتہائی وقار اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جس میں معرکہ حق کے دوران مادر وطن کے دفاع میں جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پاک فوج کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریبات کا آغاز نمل مسجد میں قرآن خوانی سے ہوا جس کے بعد وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ معرکہ حق میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعائیں مانگی گئیں۔اس کے بعد پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک ریلی نکالی گئی جس میں نمل کی قیادت، فیکلٹی ارکان اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں حب الوطنی سے بھرپور نعروں والے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے ہر مشکل وقت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔قومی محافظوں کی قربانیوں اور جرأت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے نمل کے مرکزی آڈیٹوریم میں ایک سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر نے پاک افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا کہ اس نے قوم کو فتح سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ 7 مئی کو پاک فضائیہ کے مؤثر جواب کے بعد بھارتی طیارے دوبارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی جرأت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے قوم کو یکجا کر دیا ہے
اور یہ پاکستان کے امن کے عزم کا مظہر ہے تاہم اگر کوئی ہماری سرزمین پر جارحیت کرے گا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے طلبہ سے کہاکہ آپ اس قوم کا مستقبل ہیں اور یہ فتح آپ کی ہے، اللہ کے فضل و کرم سے کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔تقریب کا اختتام "پاکستان زندہ باد” کے پرجوش نعروں کے ساتھ ہوا جنہوں نے شرکاء کے دلوں میں حب الوطنی اور اتحاد کا جذبہ مزید بیدار کر دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598015