نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

راولپنڈی۔17اگست (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ کے درمیان جنس پر مبنی تشدد اور شادی سے پہلے مشاورت بارے آگاہی پیدا کرنے کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر بدھ کو دستخط کیے گئے جس کے تحت 600 ماسٹر ٹرینرز کو جنسی اور تولیدی صحت ،پیدائش میں وقفے کے فوائد اورصنف کی بنیاد پر سماجی بیداری پیدا کرنے کے لیے تربیت دی جائے گی۔”خود کو پہچانو پروگرام” کے بارے میں ایم او یو پر پرو وائس چانسلر (ایڈمنسٹریشن) میجر جنرل (ر)سید عمار رضا ہمدانی اور گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ لمیٹڈ کراچی کے سی ای او سید عزیزالرب نے دستخط کیے ۔

اس موقع پرنمز کے رجسٹرار بریگیڈیئر(ر) محمد اظہر شمس، ڈین ملٹی ڈسپلنری اسٹڈیز ڈاکٹر عائشہ محی الدین، ڈین ڈیپارٹمنٹ آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیزپروفیسر اعظم چوہدری اور ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس کموڈور(ر ) محمد اسماعیل موجود تھے۔ پرو وائس چانسلر (ایڈمنسٹریشن) میجر جنرل سید عمار رضا ہمدانی نے اس موقع پر جی ایس ایم کے ایگزیکٹو آفیسر کو نمز کا سووینئر پیش کیا۔

دستخط کی تقریب کے بعد اپنے خطاب میں سی ای او جی ایس ایم نے ایم او یو کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نمز ان اداروں میں سرفہرست ہے جہاں نظم و ضبط کا حامل مربوط طریقہ کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں نمز نوجوانوں کو خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرام میں شامل کرکے پاکستان میں ایک ماڈل یونیورسٹی کے طور پر ابھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم او یو “جینڈر اور سیکس میں امتیاز،صنفی اظہار ، جنسیت، صنفی حساس تعریفوں، سماجی اور صنفی اصولوں” کے بارے میں حساسیت پیدا کریگا۔

اس ایم او یو کےتحت زچگی کی شرح اموات کو کم کرنے، صنفی بنیاد پر تشدد، اور پیدائش کے وقفہ کے لیے باخبر انتخاب کے لیے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اپنا معاون کردار ادا کرتے ہوئے تربیت دے گا۔اس کے علاوہ ایم او یو کے مطابق مانع حمل (کم از کم تین جدید طریقے)، فیملی پلاننگ، اور ٹارگٹ آبادی میں پیدائش کے وقفہ کے بارے میں آگاہی فراہم کریگا۔

تربیت حاصل کرنے والوں میں صنف پر مبنی تشدد اور اس کے تخفیف کی حکمت عملیوں کی نشاندہی کرنے کے لیے تیار ہونے میں مدد ملے گی اور نوجوانوں کو صنف پر مبنی دقیانوسی تصورات اور غلط فہمیوں کو دور کے لیے بااختیار بنایا جائے گا ۔

اس میمورنڈم میں نوجوانوں کی جنسی اور تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے اور باخبر انتخاب اور فیصلوں کے ذریعے اپنی سوجھ بوجھ کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان چاروں صوبوں میں تمام خواتین، مردوں اور ان کے خاندانوں کے لیے رضاکارانہ خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے گزشتہ 32 سالوں سے مسلسل کوشاں ہے۔