نیلم۔ 19 نومبر (اے پی پی):صدر مسلم لیگ (ن )آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے بالائی نیلم میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے حوالے سے ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ ضلعی انتظامیہ سے شاردہ رابطہ پل کی تعمیر سمیت بالائی نیلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے ضلعی انتظامیہ کو عوامی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہوئے سائلین کے مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوام، سیاحوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے رسل و رسائل کے ذرائع اور بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔
بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کوکم سے کم کیاجائے اور برفباری سے پہلے برفانی علاقوں میں ادویات اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کو یقینی بنایا جائے۔گزشتہ روز صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر دورہ نیلم کے دوران صدر مقام آٹھ مقام پہنچے جہاں ڈپٹی کمشنر اور ایس پی نیلم نے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کوبالائی نیلم میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر انہیں بتایاگیا کہ شاردہ میں رابطہ پل کاکام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا۔صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر 21نومبر کو شاردہ پل کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر امن وامان کے حوالے سے بھی ایس پی نیلم نے انہیں بریفنگ دی اور صورتحال کو تسلی بخش قراردیا۔