بیجنگ۔3اگست (اے پی پی):چین نے امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان پر بیجنگ میں تعینات امریکی سفیر نکولس برنز کو طلب کر احتجاج کیا ہے ۔
چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ ژی فینگ نے امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان پر امریکی سفیر نکولس برنز کو طلب کر کے رسمی طور پر سخت احتجاج کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نینسی پیلوسی جان بوجھ کر اشتعال انگیزی کر رہی ہیں ،چین اس کبھی خاموش نہیں بیٹھے گا کیونکہ یہ دورہ ’’ون چائنا اصول‘‘ اور تین عدد چین امریکا مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ چین۔امریکا تعلقات کی سیاسی بنیاد کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کے لئے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو اشتعال انگیزی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے جس کی وجہ سے آبنائے تائیوان میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور چین۔
امریکا تعلقات کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو اپنی غلطیوں کی قیمت ادا کرنا ہوگی، چین جوابی اقدامات کرے گا، اور ہم وہی کریں گے جو ہم کہیں گے۔دریں اثنا انہوں نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ نینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے کے منفی اثرات کو ختم کرنے کے لیے فوری طور پر اصلاح اور عملی اقدامات کرے۔