نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات نے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے

154

ابو ظہبی۔15جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات نے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے۔ شنہوا کے مطابق اس معاہدے،جسے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ ( سی ای پی اے) کہا جاتا ہے پر گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں دستخط کئے گئے۔

نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ اور تجارت کی ویب سائٹ اپ ڈیٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کو نیوزی لینڈ کی اہم برآمدات میں ڈیری، صنعتی مصنوعات، گوشت، باغبانی کی مصنوعات اور سفری خدمات شامل ہیں۔ وزارت نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی متحرک مارکیٹ نیوزی لینڈ کی کمپنیوں کے لیے برآمدات میں اضافے اور تنوع کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہے۔

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تجارت کی مالیت 1.3 بلین نیوزی لینڈ ڈالر (730 ملین امریکی ڈالر) سالانہ ہے جورواں سال کے آخر میں معاہدے کے نافذ ہونے کے بعد بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کا مقصد 10 سالوں میں اپنی برآمدات کی قدر کو دوگنا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ای پی اے نیوزی لینڈ کے بنیادی شعبے کے برآمد کنندگان کے لیے ترجیحی رسائی کو محفوظ بناتا ہے اور خلیجی خطے میں ایک کلیدی پارٹنر کے ساتھ سپلائی چین کو مضبوط کرتا ہے۔