نیوزی لینڈ نے تیسرےٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں پاکستان کو 45رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

165

ڈونیڈن۔17جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے فن ایلن کی شاندار سنچری کی بدولت تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو 45 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ۔ میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے ، فن ایلن نے 137 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ، پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا سکی ۔

بابر اعظم نے نصف سنچری سکور کی ، نیوزی لینڈ کے اوپننگ بلے باز فن ایلن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 16 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 137 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ان کو اس عمدہ کارکاردگی پر مرد میدان قرار دیا گیا ۔

بدھ کو یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بناکر گرین شرٹس کو میچ میں کامیابی کے لئے 225رنز کا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز اوپن کرنے والے بیٹر فن ایلن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 16 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 137 رنز بنائے دیگر بیٹرز میں ٹم سیفرٹ 31 اور گلین فلپس 19 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی ، زمان خان ،محمد نواز اور محمد وسیم جونیئرنے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔ پاکستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا سکی ۔

بابر اعظم نے مسلسل تیسری نصف سنچری سکور کی اور 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے 37 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے۔محمد نواز 28،محمد رضوان نے 24 رنز سکور کیے ، ان کے علاؤہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ فخرزمان 19،صائم ایوب 10 ، افتخار احمد 1 ، اعظم خان 10 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔یوں کیوی ٹیم نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو نہ صرف 45 رنز سے شکست دی بلکہ پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم سائوتھی نے دو، میٹ ہنری لوکی فرگسن ،کپتان مچل سینٹنراور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے اوپننگ بلے باز فن ایلن کو دھواں دار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔