نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں برطانوی ویمن کو 7وکٹوں سے ہرا دیا، سیریز 1-2 سے انگلینڈ ویمن کے نام رہی

97
Third ODI match
Third ODI match

ہملٹن۔8اپریل (اے پی پی):نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم نے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں مہمان برطانوی ویمن ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ، تین میچوں کی سیریز 1-2 سے انگلینڈ ویمن ٹیم کے نام رہی ۔میزبان نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی کپتان سوفی ڈیوائن نے ناقابل شکست سنچری کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، ان کو ناقابل شکست سنچری سکور کرنے پر میچ جبکہ انگلینڈ کی ایمی جونز کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم نے 195 رنز کا مطلوبہ ہدف 39ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔سڈن پارک ہملٹن میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں انگلینڈ ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں غلط ثابت ہوا ۔

انگلینڈ ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.3 اوورز میں194 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان نیوزی لینڈ خواتین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 195 رنز کا ہدف دیا۔انگلینڈ کی ایمی جونز 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،چارلی دین نے 38 اور کپتان ہیتھر نائٹ نے 31 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ ویمن کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیس کیر اور ہننا رو نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،ایمیلیا کیر نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں کپتان سوفی ڈیوائن کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت میزبان نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم نے 195 رنز کا مطلوبہ ہدف 39ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے برطانوی ویمن ٹیم کو میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔

سوفی ڈیوائن نے 93 گیندوں پر چار چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 100رنز کی اننگز کھیلی ،میدی گرین ناقابل شکست 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہی۔ تین میچوں کی سیریز 1-2 سے انگلینڈ ویمن ٹیم کے نام رہی۔ کیٹ کروس ،نیٹ سکیور برنٹ اور سوفی ایکلسٹن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میزبان نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی کپتان سوفی ڈیوائن کو ناقابل شکست سنچری سکور کرنے پر میچ جبکہ انگلینڈ کی ایمی جونز کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔