ولنگٹن ۔ 7 اگست (اے پی پی) نیوزی لینڈ کے مرکزی بینک نے قرضوں پر سود کی شرح میں 50 بنیادی پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے نئی شرح 1 فیصد مقرر کردی جو اب تک کی کم ترین سطح ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم روزگار کے مواقع اور افراط زر میں اضافے کے اہداف کے حصول کے لیے اٹھایا گیا ہے تاہم مستقبل میں شرح سود میں مزید کمی کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا گیا۔ ریزرو بینک آف نیوزی لینڈ کے گورنر ایڈرین آر نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا کہ قرضوں پر سود کی شرح میں توقع سے زیادہ کمی کی گئی ہے تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ مستقبل قریب میں اس میں مزید کمی نہیں کی جاسکتی۔انھوں نے کہا کہ ملک میں روزگار کی شرح زیادہ سے زیادہ پائیدار سطح پر جبکہ افراط زر کی شرح 2 فیصد کے مڈ پوائنٹ ٹارگٹ سے نیچے ہے اس لیے مرکزی بینک کی جانب سے معاشی ترقی میں اضافے کے لیے یہ قدم اٹھانا ضروری تھا۔