راولپنڈی ۔23ستمبر (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی عین وقت پر منسوخی کی دنیا بھر کے کرکٹر اور شائقین کرکٹ نے مذمت کی ہے اس حوالے سے آئی سی سی میں پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پاکستان آکر کھیل چکی ہیں اور انہوں نے سکیورٹی صورتحال پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا تھا، عالمی کپ میں پاکستانی کھلاڑی جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی بھی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے جس سے کھلاڑیوں کے جذبے بلند ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی زیادہ جنونی قوم ہےاس قوم میں جذبہ ہے، جنون ہےآج ہمارے گراؤنڈ دوبارہ آباد ہیں، دوبارہ کرکٹ ہونے کا سہرا چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور پی سی بی کو جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود کھلاڑیوں کے لئے زبردست اقدامات کرنا قابل تحسین ہے۔شائقین کرکٹ میچ دیکھنے اور اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کرنے سٹیڈیم ضرور آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل کرکٹ کا ہونا خوش آئند ہے، آگے بہت کانٹے دار میچز ہونگے اس ٹورنامنٹ میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا پورا اسکواڈ کھیل رہا ہے ورلڈ کپ کے لیے اچھی تیاری ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ہمارا پہلا میچ انڈیا اور دوسرا نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے ہم نے اچھے کھیل سے جواب دینا ہے۔ پہلی بار پاکستان کے لیے دنی بھر سے آواز اٹھی اور پاکستان کی سیکیورٹی کی صورتحال بہترین ہےانہوں نے کہا کہ پاکستان نے بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی میزبانی کی ہے اورامید ہے بہت ساری ٹیمیں یہاں کا رخ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سے دنیا میں مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان میں کرکٹ ہو رہی ہے اور ہونی ہے۔ پاکستان میں فل اسکیل کرکٹ بحال ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے جانے سے پاکستان کا آئی سی سی میں کیس مضبوط ہے اور پاکستان سیاحت کا مرکز بن چکا ہے دنیا کے کئی میگزین اسکا اعتراف کر چکے ہیں۔