نیو ائیر نائٹ،لاہور پولیس کا جامع سکیورٹی پلان مرتب،قانون شکنی پر فوری کارروائی ہو گی،سی سی پی او

103
نیو ائیر نائٹ،لاہور پولیس کا جامع سکیورٹی پلان مرتب،قانون شکنی پر فوری کارروائی ہو گی،سی سی پی او

لاہور۔31دسمبر (اے پی پی):لاہور پولیس نے نیو ائیر نائٹ پرجامع سکیورٹی پلان مرتب کر لیا۔ نیو ائیر نائٹ کے موقع پرہوائی فائرنگ، ہلڑبازی، ریسنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ و ن ویلنگ،ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی کے تدارک کیلئے ناکے لگائے جائیں گے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ نیوائیر نائٹ پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس کے خصوصی اسکواڈ تشکیل دئیے گئے ہیں۔

ڈولفن اسکواڈ، پی آر یواور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں شہر بھر میں پٹرولنگ کریں گی ۔سی سی پی او لاہور نے ون ویلنگ کیلئے موٹر سائیکلوں کی آلٹریشن کرنے والے مکینیکس کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔بلال صدیق کمیانہ نیہدایت کی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔منشیات اور شراب کی خریدو فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف موثر اقدامات یقینی بنائیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ شہری قانون کے احترام کو اپنا شعار بنائیں، کسی بھی غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمی سے گریز کریں۔

نوجوان ون ویلنگ،بائیکس کی آلٹریشن اور ہلڑ بازی سے اجتناب کریں ورنہ سخت ایکشن ہو گا۔قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ شہری ون ویلنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی اطلاع 15 پر دیں۔