کراچی ۔6دسمبر (اے پی پی):نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ آپریشنلائیزیشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں رواں ماہ کے آخر تک آپریشنل ہوجائے گا۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ذیشان سعید نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا جو آئندہ ماہ کے آخر تک آپریشنل ہو جائے گا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی ائیرپورٹس صادق الرحمان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر فیض اللہ خٹک نے معزز مہمانوں کو ائیرپورٹ آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی اور آگاہ کیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ رواں ماہ کے آخر تک آپریشنل ہو جائے گا۔ نیو گوادر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پراجیکٹ ٹیم نے ائیر پورٹ سٹیک ہولڈرز کو بھی بریفنگ دی جس میں ایئرپورٹ پر کاروباری مواقع اور اقتصادی زونز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ قائم مقام ڈائریکٹر جنرل نے گوادر ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی حکام نے بتایا کہ جدید سہولیات سے لیس ایئرپورٹ پر چینی گرانٹ سمیت 246 ملین ڈالر لاگت آئی ہے، بڑا رن وے اور جدید ٹرمینل بلڈنگ سے لیس ایئرپورٹ ہر قسم کے بڑے جہازوں کے لئے موزوں ہے، ایئرپورٹ سے تجارت اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔