نیپال کی کرکٹ ٹیم کا ایشیا کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ایک اہم تاریخی موقع ہے،ہیڈ کوچ مونٹی دیسائی

130
ہیڈ کوچ مونٹی دیسائی
نیپال کی کرکٹ ٹیم کا ایشیا کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ایک اہم تاریخی موقع ہے،ہیڈ کوچ مونٹی دیسائی

کراچی۔ 24 اگست (اے پی پی):نیپال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مونٹی دیسائی نے کہا ہے کہ نیپال کی ٹیم نے ایشیا کپ کے لئے کوالیفائی کیا جو اہم تاریخی موقع ہے،ہم کراچی آئے ہیں یہاں کا ماحول اچھا ہے،ٹیم کے کھلاڑی بابر اعظم سے ملنے کا انتظار کررہے ہیں،پی سی بی نے ٹریننگ کے اچھے انتظامات کیے ہیں جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کے اوول گرائونڈ پر نیپال ٹیم کے پریکٹس سیشن کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے گروپ میں ہیں جو کھلاڑیوں کے لیے اپنے کھیل میں نکھار لانے کا اچھا موقع ہے

،ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم جیتیں گے،ہمارے پلیئرز نے ایشیا کپ میں کھیلنے والے ٹاپ کرکٹرز کو صرف ٹی وی پر دیکھا ہے،سندیپ 28تاریخ کو ہماری ٹیم جوائن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں وقار یونس کو ذاتی طور پر بہت پسند کرتاہوں،میں چاہوں گا کہ پاکستان کے بڑے نام آئیں اور کیمپ میں کھلاڑیوں کے ساتھ تجربات شیئر کریں۔

مونٹی ڈیسائی نے کہا کہ بچوں نے 3 چار مہینوں میں کافی پریکٹس کی ہے،ہم یہاں کوالیفائرز جیت کر پہنچے ہیں،یہ دو بڑی ٹیسٹ نیشن سے کھیلیں گے یہ بڑی اہم بات ہے،ہمارے لیے اگلے 4 سال کا ون ڈے کا سائیکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دو میچز ہمارے لیے ٹیسٹ کی طرح ہیں،ان بچوں کے لیے ایک سپنا حقیقت بن رہا ہے، ہماری نوجوان ٹیم ہے ہم یہاں آکر بہتر تیاری کرنا چاہتے ہیں۔