نیپرا نے بجلی صارفین کے لیے ونٹر پیکج کی منظوری دے دی

152
نیپرا کی ڈسکوز کےاپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے بجلی صارفین کے لیےونٹر پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

ترجمان نیپرا کے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ونٹر پیکج سے صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین بھی فائدہ حاصل کر سکیں گئے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

نیپرا کے مطابق ونٹر پیکیج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے ہوگی،ونٹر پیکج میں گھریلو صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

صنعتی صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔نیپراکے مطابق ونٹر پیکج کی میعاد 3 ماہ ( دسمبر تا فروری) تک ہوگی ۔