اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کی عبوری ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی درخواست پر اپنا فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس میں 1.23 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا گیا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ ریلیف صارفین کو ان کے فروری 2025 کے بلوں کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کا انحصار بجلی کی پیداوار کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن کی عالمی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ اور جنریشن مکس میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہوتا ہے۔
یہ اخراجات نیپرا کی جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد صارفین کو بلوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔ جب ایندھن کی عالمی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو صارفین اپنے بلوں میں اس کمی کا فائدہ بھی اٹھاتے ہیں۔ صارفین کے بلوں کے ذریعے وصول کی جانے والی رقم کا تعین نیپرا اتھارٹی کرتی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے۔
ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے کے مطابق ایف سی اے کا اطلاق الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز (ای وی سی ایس)، لائف لائن صارفین، پری پیڈ میٹرنگ صارفین، 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی صارفین کے علاوہ صارفین کی تمام کیٹیگری پر ہوگا۔