پاکستان میں امن، استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت
نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ، قومی سلامتی اور معاشی ترقی ایک دوسرے کے لیے ناگزیر ہیں، جواد احمد ڈوگر

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):پاکستان میں امن، استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے درمیان باہمی تعاون کا ایک جامع فریم ورک قائم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
اس اشتراک کا مقصد قومی سلامتی سے متعلق آگاہی، پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام، معاشی استحکام، کاروباری تسلسل، کاروباری مواقع اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ، سماجی شمولیت اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔یہ اہم پیش رفت نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر جواد احمد ڈوگر کے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر سامنے آئی۔ ان کے ہمراہ نیکٹا کی ڈائریکٹر جینڈر انیشی ایٹوز ڈاکٹر عظمیٰ سراج، ڈپٹی ڈائریکٹر فائزہ فاطمہ اور کنسلٹنٹ میڈیا مجیب تالپور بھی موجود تھے۔متفقہ فریم ورک کے تحت آئی سی سی آئی اور نیکٹا کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) تشکیل دیا جائے گا جو مختلف منصوبوں کی منظوری، عملدرآمد، جائزہ، باہمی رابطوں اور مشترکہ سرگرمیوں کے دائرہ کار میں توسیع کی نگرانی کرے گا۔ موثر رابطہ کاری کے لیے نیکٹا کی جانب سے ڈاکٹر عظمیٰ سراج جبکہ آئی سی سی آئی کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی قائمہ کمیٹی کے کنوینر عدنان مختار کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا جواد احمد ڈوگر نے کہا کہ ایک محفوظ، پرامن اور خوشحال معاشرے کے قیام میں کاروباری برادری کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیکٹا اور آئی سی سی آئی کے درمیان یہ اشتراک قومی شعور، سماجی ہم آہنگی اور قومی استحکام کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق پالیسی ڈائیلاگ، تحقیقی سرگرمیوں، استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کے ذریعے قومی ترقی اور استحکام کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔جواد احمد ڈوگر نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع، روزگار کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانا اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی بھرپور شمولیت اس شراکت داری کے بنیادی ستون ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی، معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے عناصر ہیں اور پائیدار خوشحالی کے لیے ان کا فروغ ناگزیر ہے۔نیکٹا وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار طاہر محمود نے کہا کہ چیمبر ہمیشہ سے کاروبار دوست پالیسیوں، نجی شعبے کی ترقی اور اقتصادی استحکام کے لیے سرگرم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود پاکستانی کاروباری برادری ملک کی معاشی ترقی اور پاکستان کو خطے کا ایک مضبوط اقتصادی مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔سردار طاہر محمود نے چیمبر کے مستقبل کے وژن اور جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی صنعت اور جامعات کے درمیان مضبوط روابط، سٹارٹ اپس، جدت طرازی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں، نوجوانوں کی ترقی اور جامع معاشی نمو کو پائیدار قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔اجلاس کے شرکا ءنے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی اور نیکٹا کے درمیان یہ اشتراک سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان موثر تعاون کو فروغ دے گا اور سماجی ہم آہنگی اور معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔اجلاس میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین عبدالرحمن صدیقی، ذوالقرنین عباسی اور وسیم چوہدری، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ، سینئر ممبران ساجد اقبال اور عظمیٰ شیراز سمیت نیکٹا اور کاروباری برادری کے دیگر نمائندگان نے بھی شرکت کی۔








