ن لیگ کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں،قبضہ مافیا کو جوابدہ ہونا پڑے گا،شوگرمافیا سے چوری کی گئی رقم وصول کر کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کریں گے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

47
مریم صفدر کا اخلاقی اقدار کا درس دینا بھونڈا مذاق ہے، ڈاکٹر شہباز گِل کا مریم صفدر کے بیان پر ردعمل

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پنجاب میں قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں واگزار کرائی جا رہی ہیں اسلئے ن لیگ کے رہنمائوں کو تکلیف ہو رہی ہے، ن لیگ مالی مفادات اور غیرقانونی جائیدادوں کو تحفظ دینے کیلئے قومی اداروں پر حملوں اور اداروں کے حکام کو دھمکیاں دینے کی تاریخ رکھتی ہے، اب ان کی دھمکیاں کام نہیں آئیں گی، قبضہ مافیا کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ماضی کی حکومتوں کے ادوار میں اپنے ارکان کے خلاف کارروائی کا رواج نہیں تھا، تحریک انصاف حکومت کے دور میں پہلی دفعہ ایسا ہو رہا ہے، علیم خان، ڈاکٹر بابراعوان، اعظم خان سواتی اور سبطین خان کے خلاف تحقیقات کی گئیں، سب نے عدالتوں میں اپنے کیسز کا سامنا کیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہا کہ شوگر کا مسئلہ 60 کی دہائی سے چلا آ رہا ہے، بچپن سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بارے سنتے آئے ہیں، چینی کی قیمتوں میں اضافہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ادوار میں بھی چینی کی قیمتیں 140 روپے فی کلو تک گئی تھیں لیکن کبھی کسی نے تحقیقات نہیں کیں، تحریک انصاف نے شوگر بحران پر کمیشن بنایا، کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں، منی لانڈرنگ اور سٹے مافیا کا انکشاف کیا جس کی روشنی میں ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں، قانون سب کیلئے برابر ہے، ہر ایک کو حساب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران شوگر مافیا نے 400 ارب روپے کے ٹیکس چوری کئے، جب سے مافیا کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے تو ٹیکس کلیکشن میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے اور رواں سیزن میں اب تک 31 ارب روپے ٹیکس جمع کیا جا چکا ہے، حکومت مافیا سے پیسے وصول کر کے انہیں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرے گی۔