لاہور۔26جولائی (اے پی پی):وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود نے پنجاب یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر کے زیر انتظام نگہبانی صحت زچہ و بچہ سنٹر،مفت حفاظتی ٹیکوں کا پروگرام،موبائل میڈیکل یونٹ، ادویات فراہمی کیلئے وین سروس، جدید سہولیات سے آراستہ آوٹ ڈور اور اسقبالیہ کا افتتاح کردیا۔
اس سلسلے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اکرم، سربراہ میڈیسن پرچیز کمیٹی ہیلتھ سینٹر پروفیسر ڈاکٹر ذیشان دانش، ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران و ملازمین نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ صحت کی سہولیات سے متعلق جامعہ پیکج کے آغاز سے پنجاب یونیورسٹی اساتذہ، ملازمین اور طلباطالبات کو استفادہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیوکیمپس میں رہنے والے اساتذہ، طلبا و طالبات، ملازمین اور ان کے فیملی ممبران کو شام کے اوقات میں بھی ایمرجنسی کی سہولت ان کے دروازے پر مہیا کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل میڈیکل یونٹ/وین ایک چلتا پھرتا چھوٹا ہسپتال ہے، جس میں فرسٹ ایڈ کی تمام سہولتیں موجود ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے ہیلتھ سینٹر ایمبولینس کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیسن ڈیلوری وین کے ذریعہ اساتذہ و ملازمین کو ادویات متعلقہ ایڈرس پر پہنچانے کا انتظام کیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت حکومت پنجاب کے تعاون سے بچوں کے حفاظتی ٹیکے اور قیمتی ویکسینز کا انتظام بھی کیا گیا ہے، جو زچہ و بچہ سنٹر پرمفت دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سے آن لائن ملاقات کا وقت لینا، بذریعہ فون نسخہ جات دوبارہ لکھوانے کا نظام بھی تکمیل کے قریب ہے جس کا بہت جلد اعلان کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی دستیابی اور فراہمی کو سو فیصد یقینی بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے بہترین کام پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اکرم، پروفیسر ڈاکٹر ذیشان دانش اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ ڈاکٹرمحمد اکرم نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے یہ تاریخی لمحات ہیں جس کا سہراوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودکو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم وسائل کے باجود پنجاب یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر اپنے اساتذہ، ملازمین اور طلباطالبات کو صحت عامہ کی بہترین سہولتیں فراہم کررہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ذیشان دانش نے کہا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے اس کام کو مکمل کرنے کیلئے پنجاب یونیورسٹی کے پیشہ ور افراد پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جنہوں نے دن رات محنت کرکے چند ماہ میں اپنا کام مکمل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر میں جدیدسہولیات سے آراستہ مشینری اور ہیومن ریسورس کی تکمیل بھی جلد ہوگی۔