لاہور۔7جولائی (اے پی پی):وائس چیئرمین واسا لاہورچوہدری شہباز احمد نے جوہر ٹائون میں خیابان فردوسی پر جاری ٹرنک سیور یج لائن منصوبہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایکسیئن پراجیکٹ مظفر عباس نے وائس چیئرمین واسا کو منصوبے پر جاری کام کی رفتار اور تکمیل کے مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق خیابان فردوسی پر 72انچ قطر کی سیور لائن کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 66انچ قطر کی لائن شادے وال چوک تک بچھائی جا چکی ہے۔
شادے وال چوک پر مزید 400فٹ طویل 66انچ قطر کی سیوریج لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔اسی طرح نظریہ پاکستان روڈ پر کیسنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ شوکت خانم سے ایل ڈی اے آفس تک منصوبے کا 80فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے دورے کے دوران سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ خیابان فردوسی پر حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی سختی سے ہدایت کی۔دورہ کے موقع پر ڈپٹی ایم ڈی واسا عبدالطیف اور ریزیڈنٹ انجینئر زین العابدین بھی وائس چیئرمین کے ہمراہ موجود تھے۔