راولپنڈی۔22اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اور مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ اولین ترجیح پاکستان ہے ، ذاتی ریکارڈز کے بارے میں نہیں سوچتا ، راولپنڈی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وائس کپتان بننے پر اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں اور یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے
، انہوں نے کہا کہ پہلے دن اٹیکنگ کرکٹ کھیلی جس کا فائدہ ہوا ، آئوٹ فیلڈ سلو تھی اور میرے مطابق جو چوکے ہونے چاہئے تھے ان پر دو یا تین رنز ملے ، انہوں نے کہا کہ چھ ماہ سے ریڈ بال کرکٹ نہیں کھیلی ، بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچ کھیلنے سے بہت فائدہ ہوا اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوا،
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں شراکت داری بہت ضروری ہوتی ہے ، جو بھی ساتھ بیٹنگ کر رہا ہوتا ہے تو یہی بات چیت ہوتی ہے کہ بڑی شراکت قائم کرنی ہے ، انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح پاکستان ہے ، کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی اننگز کھیلوں وہ ٹیم کے کام آئے، ذاتی ریکارڈز کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا ، انہوں نے کہا کہ وہ مشکل کنڈیشنز میں بیٹنگ انجوائے کرتے ہیں، واضح رہے سعود شکیل نے راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 141 رنز بنائے ۔