وائلڈلائف اسکواڈ کاجنگلی حیات کے گوشت کے پکوان تیار کرنیوالے ہوٹل پر چھاپہ،3ملزمان گرفتار

97
Wildlife combing operation
Wildlife combing operation

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے گوشت کے پکوان تیار کرنیوالے ہوٹلوں اور ریستورانوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان کے مطابق تحصیل ڈسکہ کے ایک نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر دیگچوں سے 50لالیاں اور 10مرغابیاں برآمد کرلیں جہاں پر ملزمان مسلح مزاحمت کے بعد مال مقدمہ چھین کر فرار ہوگئے جبکہ تین ملزمان کو پولیس کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر انچارج سپیشل وائلڈلائف اسکواڈ پنجاب محمد عاصم کامران کی سربراہی میں ہمراہ وائلڈلائف انسپکٹر منیب مقصود ، ہیڈ واچران رحیم اشرف اور شیر محمد تحصیل ڈسکہ کے گائوں وڈالہ سندھواں میں ایک نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر موقع پر موجود دیگچوں سے لالیاں اور مرغابیاں برآمد کی گئیں ،تاہم ہوٹل انتظامیہ کے افراد مسلح مزاحمت کے بعد مال مقدمہ لیکر فرار ہوگئے جن میں سے تین کو 15پر کال کے بعد مقامی پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیاگیاجبکہ مال مقدمہ اور وقوعہ میں استعمال ہونیوالی رائفل کی برآمدگی کیلئے مقامی تھانہ ستراہ میں ایف آئی آر درج کرا کر قانونی کارروائی کاآغاز کردیاہے ۔