مانسہرہ ۔25نومبر (اے پی پی):وادی کاغان میں شدیدبرفباری کے باعث بالائی علاقوں کا زیریں مقامات سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔بالائی علاقوں میں چار سے پانچ فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔برف باری کے باعث شاہراہ کاغان ٹریفک کے لئے بند ہے۔ایف ڈبلیو او کے اہلکار بھاری مشنری کے ذریعے سڑک سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں تاہم بر ف باری کے باعث اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔شاہراہ کاغان ٹریفک کے لئے بند ہونے کے باعث بالائی علاقوں میں مقیم افراد گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔سردی کی شدت سے بچنے کے حوالے سے میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر ضیا ء الرحمن نے بتایاکہ سردی سے محفوظ رہنے کیلئے ضعیف العمر افراد، بزرگوں اوربچوں کی حفاظت کی جائے جسمانی اعضاء سر،ہاتھ اور منہ مکمل ڈھانپ کر رکھا جائے۔موٹرسائیکل کی سواری کے دوران ہیلمٹ،ماسک اور گلوز کا استعمال یقینی بنایا جائے،انہوں نے بتایا کہ سرد ہوا ناک و منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہونے سے فلو،کھانسی وبخار کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں۔ معمولی سی بھی لاپرواہی کے سبب جان بھی خطرے میں پڑسکتی ہے۔