فیصل آباد۔ 24 فروری (اے پی پی):واسا فیصل آباد کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے سمارٹ واسا پراجیکٹ کے تحت سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید نے سیمینار کی صدارت کی جبکہ اس موقع پر جائیکا ایکسپرٹ ٹیم اور واسا کے مختلف ڈائریکٹوریٹس کے افسران و سٹاف نے شرکت کی۔
سیمینار کے دوران شعیب رشید نے کہا کہ جائیکا کے تعاون سے واسا فیصل آباد اب سمارٹ واسا پر منتقل ہو رہا ہے جس کے تحت فنانشل امور، کاسٹنگ، ریونیو ریکوری، واٹر سپلائی، لیکج کا تدارک سمیت دیگر امور کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔اسی طرح پانی کی تین ٹینکیوں کو کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے منسلک کر دیاگیا ہے جن میں بابر چوک، فوارہ چوک اور گلستان کالونی شامل ہے جبکہ مدینہ ٹاؤن ٹینکی کو اب اس پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے تحت پانی کی ٹینکیوں سے پانی کے اجرا، کتنا پانی استعمال ہوا، کتنا محفوظ ہے، کتنا پانی لیکج ہو رہا ہے سمیت دیگر معاملات کو آن سکرین مانیٹر کیا جائے گا۔جائیکا ایکسپرٹ ٹیم کے سربراہ مسٹر ڈائراکو نے واٹر سپلائی سیکٹرکی مینجمنٹ کیپسٹی کے حوالے سے آگاہی لیکچر دیا اورجائیکا ایکسپرٹ ٹیم کے اراکین نے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے استعمال بارے بریفنگ دی۔