فیصل آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی نادہندگان رہائشی کالونیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی گئیں جس کے تحت گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران نادہندگان سے مجموعی طور پر20 لاکھ63 ہزار روپے سے زائد ریکوری کی گئی جبکہ بلز جمع نہ کروانے والے60 نادہندگان صارفین کے سیوریج کنکشن منقطع کردئیے گئے۔
ایم ڈی واسا کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ریونیو ڈائریکٹو ریٹ ویسٹ نے نادہندہ رہائشی کالونیوں میں آپریشن شروع کیا تھا اور گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ڈائریکٹر ریونیو ویسٹ محمد اقبال ملک کی زیر نگرانی مجموعی طور پر 9 لاکھ 82 ہزار 672 روپے کی ریکوری کی جبکہ بلز جمع نہ کروانے والے 35 ڈیفالٹرز کے کنکشن منقطع کئے گئے۔
اسی طرح ایسٹ ڈائریکٹوریٹ میں ڈائریکٹر ریونیو محمد سلیم رانا کی زیر نگرانی اسی دورانیہ کے دوران نادہندگان سے مجموعی طور پر 10 لاکھ 80 ہزار 861 روپے کی ریکوری کی گئی جبکہ نادہندگان کے 25 کنکشن بھی منطقع کئے گئے۔اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا ہے کہ شہر میں ایسی کالونیوں کے مکین بھی موجود ہیں جو سارا سال واسا کی واٹر سپلائی اور سیوریج کی سروسز تو حاصل کرتے ہیں لیکن بلز جمع نہیں کرواتے۔
اس لئے ایسے نادہندہ کالونیوں کے رہائشیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جارہی ہیں اگر وہ اپنے واجب الادا بل جمع کروائیں گے تو سروسز لے سکیں گے بصورت ان کے کنکشن منقطع کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے دونوں ڈائریکٹوریٹس کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں لہذا اب ان تمام کالونیوں کے ایسے مکین جو نادہندگان میں شامل ہونگے ان کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے کنکشن منقطع کردئیے جائیں گے جس کے لئے تمام فیلڈ سٹاف کو آگاہ اور مشینری تیار کر لی گئی ہے۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ صارفین بلز کی ادائیگی کریں گے تو واسا اپنی سروسز کو مزید بہتر بنا سکے گا۔