واسا فیصل آباد کی جانب سے مسنگ مین ہولز کی بروقت نشاندہی اور شہری آگاہی کے لئے خصوصی مہم جاری

وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا کی ہدایات کی روشنی میں واسا فیصل آباد کی جانب سے مسنگ مین ہولز کی بروقت نشاندہی اور شہری آگاہی کے لئے خصوصی مہم جاری ہے

فیصل آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا کی ہدایات کی روشنی میں واسا فیصل آباد کی جانب سے مسنگ مین ہولز کی بروقت نشاندہی اور شہری آگاہی کے لئے خصوصی مہم جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد شہریوں بالخصوص طلبہ میں یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ گمشدہ یا چوری شدہ مین ہولز کی فوری اطلاع متعلقہ ادارے کو دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثہ سے بچا جا سکے۔اس سلسلے میں واسا فیصل آباد کے شعبہ سٹیزن لائزن (سی ایل سی ) کے عملے نے مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن مدینہ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں زیر تعلیم طلبہ کو مسنگ مین ہولز کے نقصانات، ان سے لاحق خطرات اور شہری ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی لیکچر دیا۔ اس موقع پر طلبہ کو بتایا گیا کہ اگر انہیں کسی بھی علاقے میں مین ہول کا ڈھکن غائب نظر آئے تو وہ فوری طور پر واسا کی فری ہیلپ لائن 1334 پر اطلاع دیں تاکہ متعلقہ عملہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کو محفوظ بنا سکے۔سی ایل سی سٹاف نے طلبہ میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جن میں مسنگ مین ہولز کی اطلاع دینے کا طریقہ کار، احتیاطی تدابیر اور ہیلپ لائن نمبر درج تھا۔ اساتذہ اورطلبہ نے اس آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے شہری تحفظ کے لئےواسا کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر مسنگ مین ہولز کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مین ہولز کی چوری، ان کی غیر قانونی خرید و فروخت یا اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔