واشنگٹن،پاکستان اور امریکا کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیےتعاون کے معاہدے میں5سال کی توسیع

120
واشنگٹن،پاکستان اور امریکا کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیےتعاون کے معاہدے میں5سال کی توسیع

واشنگٹن۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور امریکا نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیےتعاون کے معاہدے میں5سالہ توسیع پردستخط کر دیے، اس معاہدے کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات اور پرامن مقاصد کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس موضوع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان ،امریکی محکمہ خارجہ میں بیورو آف اوشنز اینڈ انٹرنیشنل انوائرنمنٹل اینڈ سائنٹفک افیئرز میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوآپریشن کے دفتر کے ڈائریکٹر جیسن ڈونووان بھی موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے محمد سعد احمد اور امریکی محکمہ خارجہ کے مچل شیکلز نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

معاہدے کی شرائط کے تحت دونوں ممالک سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں معلومات کے تبادلے ،تکنیکی معلومات، سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کا تبادلہ، مشترکہ طور پر سیمینار ، اجلاس، سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کی تربیت کا انعقاد ، تحقیقی منصوبے، سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ سے متعلق مشترکہ تعلیمی تبادلے ،سائنس پر مبنی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے قیام اور سائنس اور تکنیکی شعبے میں تعاون کریں گے۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے تعاون کا معاہدہ 25جون 2003 میں طے پایا تھا جس میں ہر 5سال بعد توسیع کی جاتی ہے۔

اس موقع پر پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ یہ معاہدہ ماحولیاتی تبدیلی، توانائی، زراعت اور آئی ٹی کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے انجینئرز،ٹیکنالوجی ماہرین اور سائنسدانوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک فریم ورک کے طور پر کام کرے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں باہمی تعاون سے اس شعبے میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی ۔