واشنگٹن میں فائرنگ کے دو واقعات،بچے سمیت پانچ افراد زخمی
واشنگٹن میں فائرنگ کے دو واقعات،بچے سمیت پانچ افراد زخمی
واشنگٹن ۔29اپریل (اے پی پی):امریکی داراحکومت واشنگٹن میں فائرنگ کے دو واقعات میں ایک بچے سمیت5 افراد زخمی ہو گئے۔
شنہوا نے واشنگٹن ڈی سی کے ضلع کولمبیا کے قائم مقام چیف آف پولیس جیفری کیرول کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ این سٹریٹ این ڈبلیو کے بلاک 400 میں پیش آیا جہاں دو مرد فائرنگ کے باعث زخمی ہو گئے،ملزمان نے ایک گھر کے صحن میں موجود5سالہ بچے پر بھی فائرنگ کی جس سے وہ معمولی زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان سیاہ لباس میں ملبوس تھے جنہوں نے پیدل فرار ہونے سے پہلے علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس عہدیدار نے بتایا کہ تقریباً پانچ منٹ بعد ماؤنٹ پلیزنٹ سٹریٹ نارتھ ویسٹ کے 3300 بلاک میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ دو افراد کے درمیان جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ پولیس دونوں واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے۔









