لاہور۔9مئی (اے پی پی):ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینیئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن کے پانچوں اضلاع میں انسداد بجلی چوری مہم تیز کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں ایکسیئن شالیمار کی زیر نگرانی ایس ڈی او واہگہ ٹائون نے علاقے کے مختلف دیہات میں چیکنگ آپریشن کیا، اس دوران سانکے گائوں میں 11 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جن میں سے 3 کو گرفتار کرلیا گیا۔ تمام ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے،
لیسکو حکام نے تمام بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاریں قبضے میں لے کر تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم شروع ہونے کے بعد بجلی کی چوری میں واضح کمی آئی ہے تاہم بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔