ورلڈکپ میں تاریخ سازفتح ، پاکستانی ڈریسنگ روم میں جذباتی مناظر،کھلاڑیوں نے رضوان کو کندھوں پر اٹھا لیا

89
ورلڈکپ میں تاریخ سازفتح ، پاکستانی ڈریسنگ روم میں جذباتی مناظر،کھلاڑیوں نے رضوان کو کندھوں پر اٹھا لیا

حیدرآباد۔10اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف تاریخ ساز فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کیمپ میں جذباتی مناظر دیکھے گئے،کھلاڑیوں نےخوشی میں محمد رضوان کو کندھوں پر اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں منگل کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے 345رنز کا ہدف حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کی،ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 37کے سکور پر اس کے دوبیٹر امام الحق اور کپتان بابراعظم آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تاہم اس موقع پر محمدرضوان اور عبداللہ شفیق نے میدان سنبھالا، دونوں بیٹرز نے مشکل وقت میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور شاندار سنچریاں بنا کر ٹیم کو تاریخی فتح دلوائی،

محمد رضوان 131رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ عبداللہ شفیق 113رنز بنائے، میچ میں فتح کے بعدپاکستانی ٹیم کے کیمپ میں کھلاڑیوں کے جذبات دیدنی تھے، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رائوف نے رضوان کوکندھوں پر اٹھا لیا جبکہ کپتان بابراعظم نے بھی انہیں گلے لگایا ،کھلاڑیوں نے بھرپور طریقے سے جیت کو انجوئے کیا ۔