ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے ایف بی آرکی ٹرانسفارمیشن کیلئے اعلیٰ سطح پر کوششیں جاری ہیں،چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو

145
ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے ایف بی آرکی ٹرانسفارمیشن کیلئے اعلیٰ سطح پر کوششیں جاری ہیں،چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو

فیصل آباد ۔ 19 دسمبر (اے پی پی):چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو فیڈرل بورڈ آف ریونیو ارشاد حسین نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹرانسفارمیشن کےلئے اعلیٰ سطح پر کوششیں جاری ہیں تاکہ ملکی ترقی کیلئے ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کو تاجر دوست ادارے کے طور پر پروان چڑھایا جا سکے۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں تاجر تنظیموں کے سربراہوں اور تاجر راہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے ایف بی آر کے پاس ڈیٹا موجود ہے تاہم متعلقہ سٹاف کو تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے اِس کے درست استعمال کو یقینی بنا سکے۔چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ محاصل کیلئے موجودہ ٹیکس گزاروں پر ہی مزید بوجھ ڈالنے کے سلسلہ کو بند کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کاروباری شخص کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے جبکہ بجلی کے کمرشل اور صنعتی کنیکشنزکے ذریعے بھی نئے ممکنہ ٹیکس دہندگان کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ (9) 122کے نوٹس بھیج کر لوگوں کو ہراساں کرنے سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بجلی کے بلوں کی بنیاد پر سیل کے تعین کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں عالمی اور ملکی معاشی انحطاط کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔

اس موقع پر سوال و جواب کی بھی نشست ہوئی جس میں رانا سکندر اعظم، باؤ اکرم، حاضر خاں، نوید گلزار اور دیگر ممبران نے حصہ لیا۔ آخر میں نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے پوائنٹ آف سیل کے حوالے سے میگا سٹور کے حوالے سے میگا سٹور ایسوسی ایشن کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اوراس اجلاس کو منعقد کرنے کے سلسلہ میں ٹیکس بارے قائمہ کمیٹی کے کنوینرچوہدری طلعت محمود کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر اور ریجنل ٹیکس آفس میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بعد میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو رارشاد حسین کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

اس موقع پر اِ ن لینڈ ریونیو کے کمشنر ندیم نظامی اور آصف رشید کے علاوہ فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، ایگزیکٹو ممبران ایوب اسلم منج، وحید خالق رامے، مرزا محمد اشرف، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے امیر احمد،آفتاب احمد، اشفاق احمد،محمد افتخار، ثنا اللہ نیازی، فیصل پراچہ، احمد سہیل، نسیم علی، عمر تبریز خاں، حاجی محمد عابد، ڈاکٹر سجاد ارشد، حاجی محمد اسلم بھلی اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔