ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس کا کاروبار میں آسانیوں سے متعلق سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

83

اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے کہا ہے کہ تجارتی اصلاحات کا مقصد معیشت کا استحکام ہے ، اس سے کاروباری طبقے اور حکومت کے درمیان دوری کم ہوگی، کاروبار کرنے کو آسان بنانے کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے، ورلڈ بینک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاروبار میں آسانیوں سے متعلق سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورلڈ بینک کے صدر نے کہا کہ ہم مزید اصلاحات کے لیے تیار ہیں، تجارتی اصلاحات کا مقصد معاشی استحکام ہے، اس سے محصولات کی وصولی آسان ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کی ترقی کے لئے اقدامات حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اصلاحات کا مقصدمعیشت کا استحکام ہے، تجارتی اصلاحات سے کاروباری طبقے اور حکومت کے درمیان دوری کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کاروبار میں آسانیوں سے متعلق رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے سے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور زیادہ محصولات کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آ کر اور ایسے لوگوں جنہوں نے پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے کے حوالے سے بہت محنت کی ہے، کے درمیان بیٹھ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں بہترین کام کرنے پر وزیراعظم اور ان کی اقتصادی ٹیم کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ ورلڈ بینک کے صدر نے کہا کہ ورلڈ بینک کی کاروبار کرنے کو آسان بنانے کے حوالے سے پاکستان اصلاحات کرنے والے دس ٹاپ ملکوں میں شامل ہے، اس سے پاکستان میں آئندہ سالوں کے دوران ترقی کے مواقع بڑھیں گے اور ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پاکستان نے سب سے زیادہ اصلاحات کی ہیں اور گزشتہ سال پاکستان جو 136 ویں نمبر پر تھا، اب 108 ویں نمبر پر آ گیا ہے، یہ اس لئے ممکن ہوا کہ کاروبار شروع کرنے، اس کے لئے بجلی اور تعمیرات کی اجازت کے حصول، پراپرٹی رجسٹر کرنے، ٹیکس ادا کرنے اور سرحد پار تجارت کرنے کو آسان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم، وزیر اعلیٰ سمیت ان کی تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب اصلاحات کے عمل کی اونرشپ بالائی سطح پر ہوتی ہے تو اس سے بہت فرق پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک مزید اصلاحات کی حوصلہ افزائی کرے گا، خواتین کی بہبود بالخصوص انہیں قومی معیشت میں شامل کرنے، توانائی اور تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانے اور ٹیکسوں کو آسان بنانے کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عدالتی طریقہ کار کو بہتر بنانے، ہنر کی تربیت اور خواتین کو با اختیار بنانے کے ذریعے کاروبار کو مزید آسان بنا سکتا ہے اور ورلڈ بینک اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر چار میں سے ایک خاتون پاکستان کی افرادی قوت کا حصہ ہے اور سات فیصد سے بھی کم خواتین منیجریل پوزیشن پر ہیں۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے اصلاحات کے عمل میں شفافیت اور طریقہ کار کو مزید ڈیجیٹلائز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ قائمقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ پروڈر نے پاکستان میں ٹرین کے حادثے پر اپنی حکومت اور عوام اور پاکستان کی سفارتی برادری کی طرف سے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو کے ایڈ پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کا اشتراک کار دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس اشتراک کار میں آئندہ سالوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین زبیر گیلانی نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری سے معیشت مضبوط ہو گی،1971کے بعد ملک میں سرمایہ کاری کی شرح کم ہوئی، سابق حکومتوں نے سرمایہ کاری نظام بہتر نہیں بنایا۔