پونے۔8نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو فتح کے لئے 340 رنز کا ہدف دے دیا، بین سٹوکس نے شاندار سنچری جبکہ ڈیوڈ ملان اور کرس ووکس نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ بدھ کے روز مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 40ویں میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے، بین سٹوکس نے اپنے کیریئر کی پانچویں جبکہ ورلڈکپ کی پہلی سنچری سکور کی،
انہوں نے 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 84 بالوں پر 108 رنز بنائے، ڈیوڈ ملان نے 74 بالوں پر 87 اور کرس ووکس نے 51 رنز کی بہترین اننگزکھیلی، دیگر بیٹرز میں جونی بیرسٹو 15، جو روٹ 28، ہیری بروک 11، کپتان جوز بٹلر 5، معین علی 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ نیدرلینڈز کی طرف سے باس ڈی لیڈا 3 وکٹیں حاصل کرکے کامیاب بائولر رہے، آریان دت اور لوگان وان بیک نے دو دو جبکہ پال وان میکرین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو جیت کے لئے 340 رنز کا ہدف دیا ہے۔